National To Internationalism
قومی ریاست سے انٹرنیشنل ازم کی طرف National To Internationalism ( موجودہ عالمی حالات اور پاکستان کے تناظر میں تحقیقی جائزہ) (پروفیسر محمد عمران حفیظ) گزشتہ چند دہائیوں میں دنیا میں عالمگیریت, ڈیجیٹل روابط، معاشی باہمی انحصار اور بین الاقوامی اداروں کے بڑھتے ہوئے اثرات نے عالمی سیاست، معیشت اور ثقافت کو گہرے انداز میں متاثر کیا ہے۔ قومی ریاست کا تصور جو سن 1648ء کے معاہدۂ ویسٹ فالیہ کے بعد مستحکم ہوا، آج اپنی خودمختاری اور بقا کے حوالے سے نئے چیلنجوں سے دوچار ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں نوجوان نسل بڑی تعداد میں روزگار، تعلیم اور استحکام کی تلاش میں بیرونِ ملک جا رہی ہے۔ یہ رجحان اس بات کی علامت ہے کہ دنیا آہستہ آہستہ قومی ریاست کے بجائے بین الاقوامیت کے ایک نئے نظام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ قومی ریاست کا تاریخی تصور: قومی ریاست کا تصور اس خیال پر مبنی ہے کہ ایک مخصوص خطے میں بسنے والے افراد، جو زبان، ثقافت، مذہب یا تاریخ کے کسی مشترک عنصر سے جڑے ہوں، اپنی ایک خودمختار حکومت کے تحت منظم ہوں۔یہ نظام یورپ میں سترہویں صد...